ٹیسٹ ٹیوب بے بی، عدالتی فیصلہ کیخلاف نظر ثانی اپیل خارج کردی گئی
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی شرعی عدالت نے ٹیسٹ ٹیوب کے ذریعے بچوں کی پیدائش سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف دائر نظر ثانی اپیل مسترد کرتے ہوئے خارج کردی ہے ۔ چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ جسٹس ریاض احمد خان کی سربراہی میں جسٹس علامہ ڈاکٹر فدا محمد خان اور جسٹس ظہور احمد شہوانی پر مشتمل تین رکنی بنچ نے وفاقی شرعی عدالت میں مختلف طبی طریقوں سے بچوں کی پیدائش کے حوالے سے فیصلے پرڈاکٹر انجم فاروق کی جانب سے دائرنظرثانی درخواست کی سماعت کی ،تو درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ فیصلے میں بچوں کی پیدائش کے تمام صورتوں کا احاطہ نہیں کیا گیا،ٹیسٹ ٹیوب کے ذریعے پاکستان میں اب تک 55بچے پیدا کیے جا چکے ہیں،عدالتی فیصلے میں ان بچوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا، سماعت کے موقع پر درخواست گزار نے کہا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے اس لئے دوبارہ عدالت عظمیٰ سے رجوع نہیں کروں گا،عدالت عظمیٰ نے بچے کی کفالت میرے ذمے ڈال دی، عدالت نے مجھے ولدیت کے حقوق نہیں دیئے۔ فاضل عدالت نے اپنے جاری حکم میں قرار دیا کہ درخواست گزار متعلقہ فورم سے رجوع کرے،عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سے اتفاق نہیں کیا ،عدالت نے مذکورہ فیصلہ دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی ہے ۔
ٹیسٹ ٹیوب بے بی