حکومت پنجاب کے انڈوومنٹ فنڈ سے مستفید ہونیوالے طلبہ کی تعداد 2 لاکھ تک پہنچ گئی: رضا علی گیلانی
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیرہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی تعلیمی پالیسیوں سے پورے ملک کے طالبعلم یکساں طور پر مستفید ہو رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے فورمین کرسچن کالج لاہور میں زیر تعلیم چترال کے طالبعلموں کے وفد سے ریکٹر آفس میں ملاقات کے دوران کہی۔ رضا گیلانی نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے انڈوومنٹ فنڈ سے مستفید ہونے والے طلبہ کی تعداد 2لاکھ تک پہنچ چکی ہے جبکہ ذہین مگر مستحق طالبعلموں میں ساڑھے گیارہ ارب روپے کے تعلیمی وضائف تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ اس کے ساتھ حکومت پنجاب نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کے منظم روڈ میپ پر عملدآمد شروع کر دیا ہے جس کے نتیجے میں صوبہ پنجاب کا شمار جنوبی ایشیاء کے بہترین علمی مرکز کے طور پر ہو گا۔ اس حوالے سے لاہور میں آٹھ سو ایکٹر پر نالج پارک بھی قائم کیا جا رہا ہے جہاں عالمی جامعات کے اشتراک سے اعلیٰ معیار کی تعلیم و تحقیق کی سہولیات میسر ہوں گی۔