مولاناعبدالستار نیازی اتحاد بین المسلمین کے بہت بڑے داعی تھے:مقررین

لاہور (خصوصی رپورٹر) حضرت مولانا عبدالستار خان نیازی اتحاد بین المسلمین کے بہت بڑے داعی تھے۔ آپ نے مسلم سٹودنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے تحریک پاکستان میں انتہا ئی فعال کردارادا کیا اور بعدازاں قیام پاکستان کے مقاصدکے حصول کیلئے بھی مسلسل جدوجہد کرتے رہے۔آپ سچے عاشق رسولؐ تھے ۔ انہوں نے اپنی زندگی ملک وقوم اور دین اسلام کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں مجاہدملت حضرت مولانا عبدالستار خان نیازیؒ کی یاد میں منعقدہ خصوصی نشست کے دوران کیا۔ نشست کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ و تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ نے جمعیت علمائے پاکستان کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما قاری محمد زوار بہادر، مفتی محمد تصدق حسین،ملک بشیر احمد نظامی، علامہ محمد منیر قادری، قاری مختار احمد صدیقی، رشید احمد رضوی،محمد عمر قریشی،عثمان محی الدین، سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید ، جمعیت علمائے پاکستان کے عہدیداران وکارکنان اور علماء و مشائخ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تلاوت کی سعادت قاری محمد علیم نے حاصل کی جبکہ بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیۂ نعت قاری محمد صدیق چشتی نے پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض علامہ نصیر احمد نورانی نے انجام دیے۔ تحریک پاکستان کے کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ رفیق تارڑ نے نشست کے شرکاء کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازی کا شمار ان خوش بخت ہستیوں میں ہوتا ہے جنہیں حکیم الامت علامہ اقبال سے براہ راست نیاز مندی کا شرف حاصل تھا۔ اس پر انہیں تاحیات فخر رہا۔تحریک پاکستان کے دوران ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے قائداعظم نے فرمایا تھا کہ ’’جس قوم میں عبدالستار خان نیازی جیسے نوجوان موجود ہوں‘ دنیا اسے پاکستان بنانے سے کبھی نہیں رو ک سکتی‘‘۔ تحفظ ختم نبوت میں ان کا کردار لافانی ہے۔ قاری زوار بہادر نے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازی ایک درویش صفت سیاست دان تھے۔ مفتی تصدق حسین نے کہا مولانا عبدالستار خان نیازی آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے متحرک رہنما تھے۔ آپ علامہ اقبال کے شاگرد اور قائداعظم کے جانثار ساتھی تھے۔ ملک بشیر نظامی نے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازی ساری زندگی نظام مصطفیؐ کے نفاذ کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔ علامہ منیر قادری نے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازی اعلیٰ کردار کے حامل انسان تھے۔ علامہ نصیر نورانی نے کہا کہ علامہ عبدالستار خان نیازی محب وطن رہنما اور نظام مصطفیؐ کے داعی تھے۔ شاہد رشید نے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازی نے اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے۔ نشست کے اختتام پر قاری زوار بہادر نے مولانا عبدالستار خان نیازی کے بلندیٔ درجات کیلئے دعاکرائی۔