معاشرہ طبقات میں تقسیم کردیا گیا ہے، شاہ اویس نورانی
کراچی (نیوز رپورٹر)جمعیت علماءپاکستان کے مرکزی رہنما اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ امیر غریب کے استحصال کو اپنی ترقی سمجھ رہا ہے۔غریب کیلئے جینا تو مشکل تھا ہی‘ اب مرنا بھی مشکل بنادیا گیا ہے۔تحریک ختم نبوتﷺ کے عظیم رہنما مجاہد ملت مولانا عبدالستارخان نیازی کے عرس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشرے کی تقسیم طبقات میں کردی گئی ہے، غریب اور متوسط طبقے کے لئے کوئی آواز بلند نہیں کرتا ہے، غریب کے لئے بجلی، پانی ،گیس، اسکول کی فیس اور گھر کا کرایہ سب مہنگا ہے، مگر امیر کے لئے سبسڈی ہے، بڑی جماعتوں نے کبھی بھی عوامی مسائل کی طرف توجہ نہیں دی ہے، اگر نظام مصطفیﷺ نافذ کردیا جائے تو غریب اور متوسط عوام کے حقوق محفوظ کردیئے جائینگے، ہم رسول اللہ ﷺ کے نظام کے نفاذ کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے، شریعت کے نفاذ میں پاکستان کی بقا ہے، اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نظام میں برکت ہے اور استحصال کی نفی ہے،سودی نظام نے پاکستانی کی معیشت کی بنیادیں کھوکھلی کردی ہیں،شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ مولانا نیازی نے ختم نبوتﷺ کی تحریک میں پھانسی کا پھندہ قبول کیا مگر حرمت رسولﷺ کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹے، ہم نے مجاہد ملت مولانا عبدالستارخان نیازی اور مولانا شاہ احمد نورانی صدیقی جیسے کردار کو اپنانا بھلادیا ہے، اسلام اور پاکستان کے تحفظ کے لئے نورانی اور نیازی کردار و گفتار اور فکر کی ضرورت ہے۔