پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوچ ہنٹ کمیٹی کا اجلاس پرسوں ہو گا
لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوچ ہنٹ کمیٹی کا اجلاس پیر کو پی سی بی ہیڈکوارٹرز لاہورمیں ہو گا ۔پی سی بی کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں معین خان، انتخاب عالم اور ہارون رشید شرکت کرینگے، پی سی بی نے ہیڈ کوچ، سپن بولنگ کنسلٹنٹ، بیٹنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ اور اسپورٹس فزیو تھراپسٹ کی پوزیشنز کیلئے اشتہار جاری کیا تھا، درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 مئی ہی ہے، بورڈ کو کئی درخواستیں کم معروف مقامی کوچز کی جانب سے بھی موصول ہوئیں جنھیں شارٹ لسٹ نہیں کیا گیا، اہم نام وقار یونس، مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق کے ہیں، انہی کے ساتھ سابق زمبابوین آل رائونڈر گرانٹ فلاور بھی درخواست دینے والوں میں شامل ہیں۔سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، فزیو تھراپسٹ اور فیلڈنگ کوچ کیلئے انگلش کائونٹیز کے بعض آفیشلز نے بھی درخواست دی ہے ۔
پی سی بی پہلے ہی یہ ذمہ داریاں غیرملکیوں کو سونپنے کا ذہن بنا چکا لہذا انہی میں سے کسی کیساتھ معاہدہ ہو گا،ذرائع نے مزید بتایا کہ انتخاب عالم مکمل طور پر وقار یونس کے حامی ہیں، گذشتہ روز معین خان نے بھی لاہور میں سابق کپتان سے ملاقات کر کے ذمہ داریوں و مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا، کمیٹی سب سے پہلے ہیڈ کوچ کا فیصلہ کرے گی، اس کے بعد مشاورتی عمل میں اسے بھی شریک کر کے دیگر اسٹاف کا تقرر ہو گا، ثقلین مشتاق کو بولنگ کوچ اور مشتاق احمد کو اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کیے جانے کا امکان ہے، اگر انضمام الحق سے معاملات طے نہ ہوئے تو گرانٹ فلاور کو بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری سونپ دی جائیگی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اس بار وقار یونس کو بھاری معاوضہ ادا کیا جائیگا، وہ بورڈ حکام پر واضح کر چکے کہ کمنٹری و دیگر کوچنگ اسائمنٹس سے اچھی خاصی رقم کما لیتے ہیں، لہذا انہیں بھی واٹمور کے برابر رقم دی جائے، بورڈ بھی انہیں پرکشش تنخواہ کی آفر کرنے میں کوئی مسئلہ محسوس نہیں کرتا، یاد رہے کہ واٹمور ماہانہ 15لاکھ روپے وصول کرتے تھے۔