جے یوپی دو قومی نظریہ ، عقیدہ ختم نبوت اور نفاذ نظام مصطفیؐ کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی : پیر اعجاز ہاشمی

03 مئی 2014

لاہور(خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان کے صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ آج کے سیاسی حالات میںمجاہد ملت مولانا عبدالستار خان نیازی اور قائد ملت اسلامیہ امام شاہ احمد نورانی کے کردار کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔جمعیت علماء پاکستان اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دو قومی نظریے ،تحفظ عقیدہ ختم نبوت ،مقام مصطفیٰﷺ کے تحفظ اور نظام مصطفیٰﷺکے نفاذ کے لئے اپنا کردار کرتی رہے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی کے زیر اہتمام مولانا محمد عبدالستار خان نیازی کی 11 ویں برسی کے موقع پر مجاہد ملت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جمعیت علماء پاکستان پنجاب کے صدر علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سوشیلزم کا نعرہ عروج پر تھااور پیپلزپارٹی ملک کو سوشیلز م پاکستان بنانا چاہتی تھی ہمارے قائدین نے ڈٹ کر اس کا مقابلہ کیا اور پاکستان کو اسلامی جمہوریہ پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔