پاکستانی تعلیم کو شعار بنا لیں تو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا: عمران یعقوب
لاہور (سیف اللہ سپرا) پاکستانی قوم بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہے۔ اس قوم نے زندگی کے ہر شعبے میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے ہیں‘ اگر اس قوم کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر دیا جائے تو پھر اس قوم کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ان خیالات کا اظہار ممکن فائونڈیشن کے صدر عمران یعقوب خان‘ نائب صدر سعادت اعجاز قریشی اور آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی ارشد نسیم بٹ نے ایوان وقت میں گفتگو کے دوران کیا۔ ممکن فائونڈیشن کے صدر عمران یعقوب خان نے کہا کہ ممکن فائونڈیشن کسی بھی حکومتی ادارے سے امداد نہیں لے رہی۔ ہماری تعلیم کا مقصد ڈگریوں کا حصول نہیں بلکہ قوم کو حقیقی معنوں میں خواندہ بنانا ہے۔ ہم نان فارمل ایجوکیشن دیں گے۔ بچوں میں شعور اجاگر کریں گے اور ان کی ’’کریکر بلڈنگ‘‘ پر فوکس کریں گے۔ ممکن فائونڈیشن کے نائب صدر سعادت اعجاز قریشی نے کہا کہ ہماری تنظیم کا مقصد لوگوں کو شعور اجاگر کرنا ہے اور انہیں پاکستان کا مفید شہری بنانا ہے۔ مثال کے طورپر سرگودھا سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں نشے کی بیماری نے بہت سے لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ان لوگوں کو منشیات سے بچائیں۔ سرگودھا کنو کی فصل کا مرکز ہے۔ چونکہ مقامی آبادی کا بڑا حصہ منشیات کا عادی ہے‘ اس لئے دوسرے علاقوں سے مزدور لائے جاتے ہیں۔ ہم کوشش کریں گے کہ مقامی آبادی کو منشیات کی لعنت سے چھٹکارا دلائیں۔ ارشد نسیم بٹ نے کہا کہ میں گزشتہ کئی برسوں سے آسٹریلیا کی مقیم ہوں اور آسٹریلیا میں بسنے والے پاکستانیوں کی طرف سے ممکن فائونڈیشن کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔ ممکن فائونڈیشن تعلیم کے حصول سے جو بھی قدم اٹھائے گی میں اور آسٹریلیا میں مقیم تمام پاکستانی اس کا ساتھ دیں گے۔