دورہ سری لنکا : پاکستانی کرکٹرز کو کیربیئن لیگ کیلئے این او سی جاری نہ کرنیکا فیصلہ
لاہور(آئی این پی)دورہ سری لنکا کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹرز کو کیریبیئن ٹوئنٹی 20پریمیئر لیگ کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، محمد حفیظ، سعید اجمل اور احمد شہزادکی کیربیبئن لیگ میں شرکت کے امکانات معدوم ہوگئے۔پاکستانی کرکٹرز نے بورڈ کی اجازت سے کیریبیئن ٹوئنٹی 20پریمیئر لیگ میں کھیلنے کیلیے مختلف فرنچائزز سے معاہدے کیے ہیں،اپریل میں پلیئرز کی نیلامی میں محمد حفیظ کو گیانا امیزون نے 80 اور احمد شہزادکو دفاعی چیمپئن جمیکا تلاواز نے 70ہزار ڈالر میں خریدا،سہیل تنویر کا سینٹ لوشیا زوکس کے ساتھ 50ہزار ڈالر میں کنٹریکٹ ہوا، سعید اجمل پہلے ہی اینٹگا ہاکس بلز کی نمائندگی کیلئے منتخب ہو چکے تھے۔گذشتہ ایڈیشن میں شعیب ملک بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کی طرف سے کھیلے تھے۔ عمران نذیر رواں سال بھی اسی ٹیم کی نمائندگی کرینگے، ناصر جمشید کو ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو ریڈ اسٹیل کا حصہ بنایا گیا۔سعید اجمل نے انگلش کائونٹی سے معاہدہ کرتے ہوئے کیریبیئن پریمیئر لیگ کیلیے رخصت کی شرط رکھی تھی۔ جولائی اگست میں پاکستان کے دورئہ سری لنکا کے معاملات طے پانے کے بعد صورتحال مختلف ہوگئی۔آئی لینڈرز سے سیریز کی تیاری کیلیے کنڈیشننگ کیمپ 6مئی سے شروع ہوگا،دوسرے مرحلے میں کائونٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف سٹارز سمیت 25 پلیئرزکو بلایا جائیگا، 5جولائی سے 10اگست تک شیڈول کیریبیئن پریمیئر لیگ میں محمد حفیظ، سعید اجمل، احمد شہزاد اور سعید اجمل سمیت چند اہم پاکستانی کرکٹرز کو این او سی نہ دئیے جانے کا قوی امکان ہے۔