سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے بعد زندگی انتہائی بھیانک معلوم ہوئی : محمد عامر

03 مئی 2014

لاہور(آئی این پی)سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں پابندی کے شکارپاکستانی فاسٹ بائولر محمد عامر نے کہا ہے کہ  وہ  شائقین کرکٹ کو  پھر سے وہی پرانا عامر بن کر دکھائیں گے ، ٹیم میں واپسی کیلئے بے چین ہوں،ذہنی طور پر تھوڑی دشواری  ہوگی، انٹرنیشنل کرکٹ کے دباؤ کا بوجھ اْٹھانے کیلئے پوری طرح تیار ہوں ۔  وہ اِن دنوں کافی خوش ہیں کیونکہ کرکٹ میں ان کی واپسی میں تھوڑا عرصہ ہی باقی رہ گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ  ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں دھماکہ خیز انٹری کے ساتھ ہی اگر انہیں عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم کی سے ملایا گیا تو اس میں کچھ غلط نہیں تھا۔ہمیں سازش کے تحت اس بدترین سکینڈل میں پھنسایا گیا لکین یہ سب کچھ ماضی کا حصہ ہے لہذا وہ نئے کیرئیر کے آغاز کیلئے پرعزم ہیں  سپاٹ فکسنگ سکینڈل  کے بعد زندگی  انتہائی بھیانک معلوم ہوئی۔  بورڈ اگر اس وقت ہمارا ساتھ دیتا تو شاید حالات مختلف ہوتے لیکن اعجاز بٹ نے ہماری ہی مخالفت شروع کردی ۔ نجم سیٹھی اس حوالے سے کافی  تعاون کررہے ہیں ،بورڈ کی کاوشوں پر حکام کا شکرگزار ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں محمد عامر نے کہاکہ  برطانوی وکیل سے شادی کی خبروں میں صداقت نہیں تھی ،ہم اچھے دوست ضرور تھے ، دونوں کافی دن اکٹھے بھی رہے ،خاتون وکیل نے مجھے بہت حوصلہ دیا جس کو کبھی نہیں بھول پائوں گا۔