سوات ٹریڈ شو میں بھرپور حصہ لیں گے: لاہور چیمبر

03 مئی 2014

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری رواں سال اگست میں ہونے والے سوات ٹریڈ شو/سمپوزیم میں حصہ لے گا اور اسے کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ہرممکن تعاون مہیا کرے گا۔ یہ بات لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے لاہور چیمبر میں مالاکنڈ آرمی ڈویژن کی جانب سے سوات فیسٹیول پر ایک پریزنٹیشن کے موقع پر کہی۔ کرنل معین نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ کرنل شفیق نے چترال کی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو کمیٹی ارکان میاں زاہد جاوید احمد اور مدثر مسعود چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے سوات کے علاقے میں قیام امن پر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ پہلا کالام فیسٹیول کے نام سے 19تا 22جون تک، دوسرا سوات ٹریڈ شو کے نام سے اگست جبکہ سیکنڈ سوات گولف ٹورنامنٹ بھی اس سال منعقد ہوگا۔