گاڑیوں میں سی این جی عیاشی‘ ٹیکسٹائل انڈسٹری بند نہیں ہونے دیں گے: عباس آفریدی

03 مئی 2014

لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر ٹیکسٹائل  عباس خان آفریدی نے کہا ہے کہ  سی این جی پالیسی درست نہیں ہے، اس پر نظرثانی ہونی چاہئے، کاروں میں سی این جی عیاشی ہے۔ سی این جی صرف پبلک ٹرانسپورٹ کو ملنی چاہئے اور باقی گیس انڈسٹری کو ملنی چاہئے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز اپٹما ہائوس میں ایک اجلاس کے دوران کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ویلیو ایڈڈ پراڈکٹس کا معیار بلند کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل برآمدات 13 ارب ڈالر سے بڑھ کر جب 26  ارب ڈالر تک پہنچیں گی تو روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کر رہا ہوں کہ آئندہ سال کو ٹیکسٹائل کا سال قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران اور دیگر مسائل حل کریں گے اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بند نہیں ہونے دیں گے۔