پشاور سے کالعدم تنظیموں کے25 خطرناک قیدی ہری پور اور کوہاٹ کی جیلوں میں منتقل

03 مئی 2014

پشاور (آن لائن) سنٹرل جیل میں قید کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 25 خطرناک قیدیوں کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہری پور اور کوہاٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق حساس اداروں کی جانب سے سنٹرل جیل پشاور پر حملے کی رپورٹ کے بعد جیل میں قید کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 25 خطرناک قیدیوں کو انتہائی سخت سکیورٹی میں باچا خان ایئر پورٹ منتقل کیا گیا جہاں سے انھیں ہری پور اور کوہاٹ کی جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، منتقل کئے گئے قیدیوں کی شناخت کو سکیورٹی خدشات کے پیس نظر ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سنٹرل جیل پشاور میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی جاسوسی کرنے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی اور تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد سمیت کالعدم تنظیموں کے بہت سے افراد پشاور سنٹرل جیل میں قید ہیں۔