سونے کی درآمد پر عائد پابندی ختم، وزارت تجارت کا نوٹیفکیشن جاری

03 مئی 2014

کراچی(آن لائن)وفاقی وزارت تجارت نے سونے کی درآمد پر عائد تین ماہ سے عائد پابندی ختم کرتے ہوئے بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں برآمدکے لیے گولڈ کی انٹرسٹمنٹ اسکیم کے تحت درآمد کی حد 25کلو فی ایکسپورٹر برقرار رکھی گئی ہے تاہم ایک کنسائمنٹ کے لیے زیادہ سے زیادہ حد 10کلو مقرر کی گئی ہے۔آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حبیب الرحمٰن کے مطابق وفاقی وزارت تجارت نے درآمدات کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے بعد ملک سے سونے کے زیور کی برآمد کا سلسلہ بھی فوری طور پر بحال ہوگیا ہے۔ تاہم تین ماہ تک مسلسل پابندی کے سبب ایکسپورٹ میں 70فیصد کمی کا سامنا ہے۔  انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران سونے کے زیورات کی برآمد تعطل کا شکار رہی جس میں جنوری سے اپریل کے درمیان مسلسل تین ماہ تک ایکسپورٹ کے لیے سونے کی درآمد مکمل طور پر بند رہی جس سے رواں مالی سال سونے کے زیور کی برآمد 70سے 80فیصد تک کم رہنے کا خدشہ ہے۔