عوام کی فلاح وبہبود کیلئے شہباز شریف کا خلوص اور عزم متاثرکن ہے: ڈیوڈ کیمرون

03 مئی 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے صوبہ پنجاب میں برطانوی امداد کے درست استعمال کے حوالے سے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی کاوشوں اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی کے باعث برطانوی امداد کے استعمال کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ہم مطمئن ہیں کہ پنجاب میں برطانوی امداد درست انداز سے استعمال کی جارہی ہے اور شہباز شریف برطانوی امداد کو عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کر رہے ہیں جو قابل تعریف ہے۔ صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے شہباز شریف کا خلوص اورعزم متاثرکن ہے اور یقیناوزیراعلیٰ شہبازشریف کے اقدامات سے نہ صرف صوبہ پنجاب کے عوام کو فائدہ پہنچے گا بلکہ پاکستان کا مثبت امیج بھی ابھرے گا۔ امید ہے کہ پاکستان کی حکومت جمہوریت کی مضبوطی اور قانون کی حکمرانی کیلئے اسی طرح کام کرتی رہے گی۔