ڈیرہ اسماعیل خان: نالے کے زہریلے پانی میں گر کر 13 افراد جاں بحق

03 مئی 2014

ڈیرہ اسماعیل خان (آن لائن) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے  رزمک میں زہریلے پانی کے نالے میں گر کر 13افراد جاں بحق ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزرنے والے نالے میں شوگر ملوں کا زہریلا فضلہ داخل ہوتا ہے۔ جمعہ کی شام اس علاقے میں کھیتوں میں کام کرنے والے مزدور وہاں سے گزرتے ہوئے زہریلے پانی سے بھرے نالے میں گر گئے۔ پولیس کے مطابق نالے میں گرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ 10افراد کی نعشیں نکال لی گئی ہیں۔ فضلہ نالے کے ذریعے دریائے سندھ میں جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نالے سے گزرتے ہوئے ایک عورت گر گئی تھی جس بچانے کے لئے جمع ہونے والے لوگ پل ٹوٹنے سے گر گئے اور جاں بحق ہو گئے۔ گرنے والے چند افراد زخمی بھی ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 5افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔