مریم نواز کو بطور چیئرپرسن یوتھ لون پروگرام کام سے روکنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم پاکستان کی صاحبزادی مریم نواز کو یوتھ لون پروگرام کی چیئرپرسن کے طور پر کام کرنے سے روکنے کے لئے درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست گزار سید اقتدار حیدر شاہ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے مریم نواز کو یوتھ لون پروگرام کی چیئرپرسن تعینات کیا ہے۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن پر مریم نواز درج ہے جبکہ ان کا نادرا میں مریم صفدر کے طور پر نام موجود ہے۔ مریم نواز نام کی کوئی خاتون پاکستان میں موجود نہیں۔ یوتھ لون اربوں روپے کا پروگرام ہے جس میں پہلے مرحلے پر ہی قانون شکنی کی گئی لہٰذا عدالت مریم نواز کی تعیناتی کو کالعدم قرار دے۔ درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ کیس کے فیصلے تک مریم نواز کو بطور چیئرپرسن کام کرنے سے روکا جائے۔