65 لاکھ سے زائد کے ڈاکے، گجر پورہ میں ڈاکوئوں نے لڑکی کو اغوا کرلیا
لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ گجر پورہ میں واردات کے دوران ایک لڑکی کو اغوا کر کے لے گئے۔ گجر پورہ کے علاقہ سگیاں وساڑوالہ میں حافظ عثمان اپنی ہمشیرہ اور نانی کے ہمراہ جا رہا تھا ایک کیری ڈبے میں سوار تین ڈاکوئوں نے انہیں روک کر 50 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون لوٹنے کے بعد عثمان کی بہن (س) کو بھی اغوا کرکے ساتھ لے گئے ہیں۔ ڈاکوئوں نے سمن آباد کے علاقہ بسطامی روڈ کے رہائشی محمد علی کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 13 لاکھ روپے، ساندہ کے علاقہ حکیماں والا چوک میں ندیم کے گھر سے 10 لاکھ روپے مالیت اور ٹائون شپ کالج روڈ کے رہائشی روفی کے گھر سے 8 لاکھ روپے، باغبانپوہ کے علاقہ درس بڑے میاں میں امجد اقبال کے گھر سے 5 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے چوہنگ ویسٹ وڈ روڈ پر عبدالحمید اور اسکی بیوی سے 5 لاکھ روپے جبکہ نواب ٹائون جوہر ٹائون میں امجد اور اسکی فیملی سے 3 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے ملت پارک میں بشیر کے جنرل سٹور میں گھس کر 95 ہزار، گجر پوہ بارہ دری چوک میں نواز سے 72 ہزار، پرانی انارکلی میں عاقل سے 67 ہزار، اسلام پورہ میں عبداللہ سے 39 ہزار، ساندہ بیری پیر دربار کے قریب فرح ریاض نے 70 ہزار، سبزہ زار گھمن چوک میں کاشف سے 44 ہزار، جوہر ٹائون بھلہ چوک میں احسان سے 35 ہزار روپے اور موبائل فون، ہربنس پورہ فتح گڑھ میں فہیم امین سے موٹر سائیکل، ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے ڈیفنس اے میں ایک گھر سے 13 لاکھ روپے جبکہ ستوکتلہ میں ایک دکان سے 4 لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا ہے۔ چوروں نے گلشن اقبال سے اظہر، لٹن روڈ سے آصف، گلبرگ سے امدادی، ڈیفنس اے سے بابر کی کاریں جبکہ ساندہ سے راحت، اقبال ٹائون سے نومی، گلشن اقبال سے سلمان، گوالمنڈی سے اقبال اور نصیر آباد سے مرسلین، اسلام پورہ سے راشد اور ارسلان، پرانی انارکلی سے اسلم کی موٹر سائیکلیں چوری کر لی۔