فیروز والہ: فائرنگ سے زخمی ہونیوالا لیگی رہنما کا بھتیجا ہسپتال میں دم توڑ گیا

03 مئی 2014

فیروز والا (نامہ نگار) نامعلوم کار سواروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا لیگی رہنما میاں عبدالرئوف کا بھتیجا دم توڑ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ چودھری عبدالقادر کا 15 سالہ بیٹا محمد محاذ کار پر اکیڈمی سے گھر جارہا تھا، جب فیض پور گائوں کے قریب پہنچا تو 3 نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں محمد محاذ شدید زخمی ہوگیا اور بعدازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ فیکٹری ایریا پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقتول کو فیض پور انٹرچینج کے قریب قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں ارکان اسمبلی، سابق ناظمین، سیاسی، سماجی تنظیموں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثناء وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، ایم پی اے پیر اشرف رسول، ایم پی اے خرم گلفام، ایم پی اے عارف سندھیلہ، تحصیل فیروز والا پریس کلب کے صدر محمد انور، جنرل چودھری غلام حسین خادم نے میاں عبدالرئوف اور چودھری غلام قادر سے اظہار تعزیت کیا۔