پیپلز پارٹی آزادی تحریر وتقریر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی: بلاول بھٹو کا عالمی یوم صحافت پر پیغام

03 مئی 2014

کراچی (این این آئی) پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آزادی تقریر وتحریر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور میڈیا پر جب بھی حملہ کیا گیا، پیپلز پارٹی اس کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہو گی۔ یونیسکو کے تحت پوری دنیا میں ہفتہ کو منائے جانے والے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور صحافی برادری نے گذشتہ چار عشروں سے مارشل لاء اور صنعت پر قدغن کے خلاف مل کر لڑائی کی۔ جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی کے لیے آزادی صحافت ہماری جدوجہد کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری پارٹی کو اس بات پر فخر ہے کہ وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1988ء میں میڈیا کے خلاف سیاہ قوانین کا خاتمہ کیا جس سے ذرائع ابلاغ کو وسعت پذیری کا موقع ملا اور آزادی اظہار کو یقینی بنایا گیا۔