گوجرانوالہ: سکول بلڈنگ خالی کرانے پر محکمہ اوقاف کیخلاف طالبات کا مظاہرہ، 2بے ہوش

03 مئی 2014

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) محکمہ اوقاف کی اراضی پر قائم گرلز ایلیمنٹری سکول کی عمارت خالی کروا کر نجی سکول مافیا کو لیز پر دئیے جانے کی کوششوں کیخلاف سینکڑوں کمسن طالبات سراپا احتجاج بن گئیں، سخت گرمی کے باعث دو طالبات بے ہوش درجنوں نڈھال ہو گئیں، وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے نیلامی کینسل کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیل کے مطابق پیپلز کالونی کے علاقہ چمن شاہ روڈ پر محکمہ اوقاف کی اراضی پر قائم گورنمنٹ آر اے گرلز ایلیمنٹری سکول میں بارہ سو سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں۔ گذشتہ روز محکمہ اوقاف نے سکول انتظامیہ کو بلڈنگ فوری خالی کر نے اور 20 مئی کو نیلامی کے بارے میں آگاہ کیا جس پر سینکڑوں طالبات نے شیرانوالہ باغ جی ٹی روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج کیا، انہوں نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ اوقاف  سکول کی متبادل کوئی بلڈنگ فراہم نہیں کر رہا جس کے باعث ان کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے تاہم طالبات کا احتجاج دو گھنٹے تک جاری رہا اس دوران شدیدگرمی کے باعث دو طالبات زنیرہ اور علیشاہ بے ہوش اور درجنوں  نڈھال ہو گئیں، ننھی طالبات کے احتجاج کی با ز گشت میڈیا پر سنائی دینے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او گوجرانوالہ عظمت محمود کو مذکورہ سکول کی منتقلی اور نیلامی روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔