’’پاک فوج زندہ باد‘‘ ملک بھر میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مظاہرے‘ ریلیاں جاری

03 مئی 2014

لاہور، گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹر + خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران) پاک فوج سے اظہار یک جہتی کیلئے مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں دفاعی اداروں پر الزام تراشی کیخلاف اور پاک فوج کے حق میں قراردادیں منظور کی گئیں، (ق )لیگ کل پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے کریگی۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر ’’پاک فوج زندہ باد ڈے‘‘ منایا گیا۔ مساجد میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سنی رضوی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین فوج بھارت کے وفادار اور پاکستان کے غدار ہیں۔ محب وطن پاکستانی قوم نے دفاعی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش ناکام بنادی ہے۔ علاو ازیں دھرنا کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے طارق محبوب صدیقی نے کہا کہ پاک فوج کے مخالفین کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ فیصل آباد میں ملک بخش الٰہی، جڑانوالہ میں مفتی محمد یونس، میانوالی میں علامہ منظور عالم سیالوی، پشاور میں مفتی فضل جمیل، چھانگا مانگا میں ارشد مصطفائی اور لاہور میں حاجی رانا شرافت علی قادری، مولانا قاری مختار احمد صدیقی نے اجتماعات سے خطاب کیا۔ محمد ثروت اعجاز قادری کی ہدایت پر سنی تحریک کے زیر اہتمام پاک فوج کی حمایت میں ’’یوم محبت پاکستان‘‘ منایا گیا۔ اس موقع پر مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جنگی جنون کا بخار اتارنے کیلئے پاکستان کے غیور عوام ہر لمحہ تیار ہیں۔ سیالکوٹ، حافظ آباد، ملتان، گجرات، سکھر، حیدر آباد، اسلام آباد، منڈی بہائوالدین، کوئٹہ، پشاور سمیت ملک بھر میں تقاریب منعقد کی گئیں۔ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں قومی یکجہتی کا دن منایا گیا۔ طاہر محمود اشرفی نے جامعہ مسجد نہر والی جلوموڑ میں قومی یکجہتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی سلامتی اور استحکام باہمی اتحاد سے ممکن ہے۔ حقوق اہلسنّت محاذ کے زیر اہتمام فوج کی کردار کشی کرنیوالے ملک دشمنوں کے خلاف ملک بھر میں یوم جہاد منایا گیا۔ پیر سید شاہد حسین گردیزی، مفتی سید مصطفی رضوی، پیر مبارک علی، مولانا منیر احمد نقشبندی، مولانا محمد اسماعیل رضوی، مولانا رب نواز نوری، مولانا محمد عباس نقشبندی، مولانا سید اقبال شاہ، مولانا محمد یوسف نقشبندی، مولانا ملازم حسین قادری، مفتی احمد حسین نقشبندی اور دیگر نے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں جماعۃالدعوۃ پاکستان کے زیر اہتمام بھی افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے گذشتہ روز ملک بھرکے مختلف شہروں و علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین نے خطبات جمعہ میں بھارت و امریکہ کے افواج پاکستان اور قومی سلامتی اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ اوران کی سازشوں کو موضوع بنایا۔جماعۃالدعوۃ کی جانب سے پشاور، ملتان، مٹھی تھرپارکر،ٹنڈوالہ یاراوردیگر شہروںمیں بڑے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔مٹھی تھرپارکر میں جماعۃالدعوۃ کے احتجاجی مظاہرہ میں ہندوئوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے حق نعرے لگاتے رہے۔امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے جامع مسجدا لقادسیہ میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت و امریکہ پاکستان میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری اور فکری انتشار پروان چڑھانے کی سازشیںکر رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن عارفوالا نے دفتر سے مشترکہ ریلی نکالی۔ شرقپور سے نامہ نگار کے مطابق پاک فوج آئی ایس آئی کے حق میں ریلی نکالی گئی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سنی تحریک ایمن آبادی گیٹ تا سیالکوٹی دروازہ جی ٹی روڈ تک پاک فوج زندہ باد صدا سلامت پاکستان تا قیامت پاکستان ریلی نکالی گئی۔ لاہور میں (ق) لیگ کی ریلی مسلم لیگ ہائوس ڈیوس روڈ سے 2 بجے دن نکالی جائیگی جو لاہور پریس کلب تک جائیگی۔ ریلی کی قیادت سینیٹر کامل علی آغا، میاں محمد منشر، رانا ریاض، خدیجہ فاروقی، ماجدہ زیدی، آمنہ الفت کریں گے۔ راولپنڈی میں چودھری ظہیر الدین ریلی کی قیادت کریں گے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدر محمد عثمان حیدر نقوی نے کہا ہے کہ پاک فوج ہماری عزت، وقار اور سلامتی کی علامت ہے۔ پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ننکانہ کے دو سو سکھ بھی لاہور آئے۔