میڈیا کو اداروں میں تصادم کی بجائے مفاہمت کی پالیسی اپنانا ہو گی: گورنر سرور

03 مئی 2014

لاہور(خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ، عدلیہ، فوج اور میڈیا پاکستان کے اہم ستون ہیں ان اداروں میں سے کسی ایک کو بھی کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے میڈیا کو قومی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اداروں کے درمیان تصادم کی بجائے مفاہمت کی پالیسی اپنانا ہوگی تا کہ ہر ادارہ اپنی جگہ پر رہتے ہوئے اپنی آئینی ذمہ داری بہترین طریقے سے ادا کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب کے لائف ٹائم ممبرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں حسین نقی، انتٖظار حسین، ایاز خاں، سید انور قدوائی، فرخ سعید خواجہ، پرویز بشیر، خاور نعیم ہاشمی، محترمہ فرح وڑائچ، محترمہ فاخرہ تحرین، لطیف چودھری، عظیم نذیر، محمد سعید اظہر، محمد طفیل، انجم رشید، شہباز میاں، رئوف شیخ، جمیل چشتی، چودھری خادم حسین، تنویر زیدی، سکندر حمید لودھی، قدرت اللہ چودھری، جاوید اقبال، فاخر ملک، احسان ناز، علامہ صدیق اظہر، جاوید فاروقی اور عارف نجمی شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ میڈیا مختلف واقعات کی رپورٹنگ کرتے ہوئے قومی مفادات اور وقار کا بھی خیال رکھے کیونکہ ہمارے میڈیا میں آنے والی منفی خبروں کو عالمی میڈیا ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل دیئے ہیں، ہماری زمینیں سونا اگلتی ہیں جبکہ ہمارے جفاکش محنتی کسان اپنے پسینے سے زرعی میدانو ں کو سیراب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی 15ارب سے زائد زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں جبکہ ہمارے صنعت کار تمام تر بحرانوں کے باوجود صرف ملکی ترقی کی خاطر صنعت کا پہیہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کا یہی مثبت اور پُروقار چہرہ دُنیا کے سامنے پیش کرنا ہے اور عالمی براردری کو یہ باور کرانا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور تیزی سے آگے بڑھتا ہوا ملک ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قلم میں تلوار سے بھی زیادہ طاقت ہے اور ہم نے یہ طاقت صرف اور صرف پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور بہتری کے لئے استعمال کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کے لئے جن 27کنونشن کا ذکر کیا گیا ہے یہ ہماری قومی ترجیحات ہونی چاہئیں۔ حکومت انسانی حقوق کے تحفظ، مزدورں کی فلاح و بہبود اور ماحول کی بہتری سمیت ان تمام کنونشن پر من و عن عمل کررہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو صحیح سمت پر گامزن کردیا گیا ہے۔ گورنر نے اس موقع پر سینئر صحافیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تحریروں کے ذریعے حکومت کی رہنمائی کریں اور عوام کے مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔