حکومت کسانوں سے 1150 روپے من گندم چھیننا چاہتی ہے: ابراہیم مغل

03 مئی 2014

 لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین ایگری فورم ڈاکٹر محمد ابراہیم مغل  نے گندم پیداواری وخریداری ہدف پورا نہ ہوتا دیکھ کر کسانوں پر حکومتی اداروں کے تشدد کی شدید مذمت  کی ہے اور کہا ہے کہ کسانوں کی 1400روپے من بکنے والی گندم حکومت  1150روپے من چھیننا چاہتی ہے۔ کسان جب ڈیزل، کھاد، بیج، بجلی و ٹریکڑ انٹر نیشنل نرخوں پر خریدتے ہیں تو انہیں گندم بھی اپنی مرضی سے بیچنے کی اجازت ہونی چاہئے۔ ابراہیم مغل نے مزید کہا کہ اس سال ملک میں ضرورت سے 10لاکھ ٹن گندم کم پیدا ہوئی، حکومت کو یہ گندم  1650روپے من درآمد کرنا پڑے گی۔ محکمہ زراعت، خوراک و پاسکو کی نااہلی اور عدم توجہ سے گندم کے پیداواری و خریداری اہداف بری طرح ناکام رہیں گے۔ حکومت فوری طور پر گندم کے نرخ 1400روپے من کرکے 90لاکھ ٹن گندم کی خریداری یقینی بنائے، ورنہ سارا سال لوگوں کو آٹے اور روٹی کیلئے قطاروں میں لگنا پڑیگا۔