خیبر پی کے میں لوڈشیڈنگ ڈرون حملوں سے زیادہ خطرناک ہو گئی: سراج الحق

03 مئی 2014

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی و سینئر وزیر خیبرپی کے سراج الحق نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پی کے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ڈرون حملوں سے زیادہ خطرناک صورت اختیار کر چکی ہے، صوبہ کے عوام سمجھتے ہیں کہ انہیں لوڈشیڈنگ کے ذریعے سزا دی جارہی ہے ۔ ظالمانہ لوڈشیڈنگ کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے لیکن عالم کفر اس میںایسا نظام لانا چاہتا ہے جس میںکلب آباد اور مساجد و مدارس ویران ہوں۔ ملک کے چند لٹیروں اور مفاد پرست ٹولے نے سیاست اور جمہوریت دونوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا اور 18 کروڑ عوام کے حقوق غصب کئے۔ لوگ ملک میں اسلامی نظام اور فلاحی ریاست کے قیام کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد سول سیکرٹریٹ پشاور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ اسلام دین فطرت اور تمام انبیاء علیہم السلام کا مذہب ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتیں اور افواج پاکستان 12 برس سے دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے طاقت کا استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قومی سلامتی اور داخلہ و خارجہ پالیسی ترتیب دینے کی نئی حکمت عملی بنائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ سیکولر قوتیں اور دین بیزار لابی اس بات پر پریشان ہے کہ کہیں حکومت اور طالبان میں صلح نہ ہو جائے۔ فوج اور حکومت جب تک ایک پیج پر نہیں آتے اور طالبان کو یہ یقین دہانی نہیں کروائی جاتی کہ حکومت کی طرف سے کسی معاہدے کو فوج کی مکمل حمایت حاصل ہو گی، مذاکرات سست روی کا شکار رہیں گے۔