کراچی گینگ وار میں ملوث خطرناک ملزم وقار اور اسکا ساتھی شہباز حسین گرفتار

03 مئی 2014

لاہور (نامہ نگار) سی آئی اے پولیس اقبال ٹاؤن نے کراچی گینگ وار میں ملوث 15 افرد کو قتل اور درجنوں افراد کو زخمی کرنیوالے خطرناک ملزم وقار عرف وکی اور 8 افراد کے قاتل، پولیس مقابلوں اور ڈکیتی قتل کی درجنوں وارداتوں میں ملوث 4 لاکھ روپے سر کی قیمت والے اشتہاری اجرتی قاتل شہباز حسین عرف صابو کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی سی پی او لاہور چودھری شفیق احمد کے احکامات پرایس پی سی آئی اے عمر ورک نے ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاؤن ریاض علی شاہ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے خفیہ اطلاع  پر کراچی گینگ وار میں ملوث خطرناک ملزم وقار عرف وکی اور اس کے ساتھی شہباز حسین عرف صابوکو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم وقار عرف وکی کراچی میں ہونیوالے آپریشن کی وجہ سے بھاگ کر لاہور میں آگیا تھا اور اب وہ اپنا گینگ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا وہ  لیاری گینگ وار کے دوران 15سے زائد شہریوں کو قتل کر چکا ہے۔ ملزم وقار عرف وکی کا بھائی وسیم حال ہی میں رینجر اور کراچی پولیس کے آپریشن کے دوران پولیس مقابلے میں ہلاک ہو ا ہے۔ علاوہ ازیں ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاؤن ریاض علی شاہ کی سربراہی میں ہی پولیس ٹیم نے اجرتی قاتل شیخوپورہ کے رہائشی شہباز حسین عرف صابوکو گرفتار کر لیا  ہے جس کی زندہ یا مردہ گرفتاری کیلئے حکومت پنجاب نے4لاکھ روپے ہیڈ منی مقرر کر رکھی تھی۔ ملزم شہباز عرف صابوتھانہ صدر شیخوپورہ میں پولیس مقابلہ کے دوران کانسٹیبل لیاقت علی کو ہلاک اور کانسٹیبل طاہر علی کو شدید زخمی کرنے سمیت 8 افراد کو قتل اور 4 افراد کو شدید زخمی کرنے کی وارداتوں میں اشتہاری ہے۔