انتخابی نتائج سے متعلق عمران کے بیانات سیاسی عدم بلوغت کا ثبوت ہیں: رانا ثناء

03 مئی 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر+ این این آئی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ گزشتہ انتخابات کے نتائج کے حوالے سے عمران خان کے بیانات ان کی سیاسی عدم بلوغت کا ثبوت ہے اور ایسے بیانات کا انہیں کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکتا، عوام یہ بیانات سن کر ہنستے ہیں۔ گزشتہ روز ایک بیان میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ نے کہاکہ عمران خان دھاندلی کے الزامات ان لوگوں پر لگا رہے ہیں جو الیکشن کی مہم کے دوران ان کے دست و بازو سمجھے جاتے تھے۔ یہ بات دنیا جانتی ہے کہ عمران خان انتخابی مہم کے دوران ابلاغ عامہ کے ایک معروف ادارے کے اعلانیہ پارٹنر تھے اور یہ بات بھی ریکارڈ کا حصہ ہے کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کو انتخابات کے دوران جو کوریج دی گئی وہ دوسری تمام سیاسی جماعتوں کو دی جانے والی مجموعی کوریج سے بھی زیادہ تھی۔ افسوس کی بات ہے کہ وہ آج اسی میڈیا گروپ کو اپنے بیان میں اپنا مخالف فریق قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان صوبے کے خزانے سے شوکت خانم ہسپتال کی اشتہاری مہم چلا کر اپنے پائوں پر خود کلہاڑی مار رہے ہیں۔ مزید برآں این این آئی کے مطابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ (ق) لیگ اپنی کرپشن اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے عوام کے ہاتھوں عبرتناک شکست سے دوچار ہوئی، (ق) لیگ کی مایوس اور شکست خوردہ قیادت کسی بھی جماعت سے اتحاد کر لے نتیجہ صفر ہی ہو گا، دوسری جماعتوں کا سہارا ڈھونڈنے والے چودھری برادران کے کردار سے عوام اچھی طرف واقف ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ گزشتہ دور میں اقرباء پروری اور دھاندلی سے اقتدار میںآنے والے چودھری پرویز الہی کچھ بھی کر لیں ان کا دوبارہ اقتدار میں آنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔