بیجنگ اور لندن والوں کو پاکستان میں بہتری نظر آ رہی ہے، یہاں کے لوگوں کو بھی دکھائی دینی چاہئے: پرویز رشید

03 مئی 2014

لاہور (لیڈی رپورٹر  +ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کی ہیٹرک ہونے والی ہے، آج دنیا پاکستان پر اعتماد کررہی ہے، چین نے 35 بلین ڈالرز انفراسٹرکچر کی تبدیلی کے لئے نہ صرف دینے کی یقین دہانی کرائی ہے بلکہ عملی اقدامات کیلئے اس کے ماہرین پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے جامشورو کے لئے ایک ارب دینے کا وعدہ کیا ہے جو ثابت کرتا ہے کہ دنیا کو پاکستان کا بہتر مستقبل نظر آرہا ہے۔ اگر بیجنگ اور لندن میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو پاکستان میں بہتری نظر آری ہے تو پاکستان کے لوگوں کو بھی نظر آنی چاہئے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کا سیکرٹریٹ فنڈ ختم کرکے اسے انڈولمنٹ فنڈ میں تبدیل کردیا ہے۔ صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف کا ایک ہی موقف ہے کہ آزادی صحافت اور حب الوطنی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اس لئے کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں ویمن جرنلسٹ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ان کی نوکری کے تحفظ کے لئے دو رکنی کمیٹی بنی ہے اور اس حوالے سے صحافتی تنظیموں کی تجاویز مرتب کرکے دی ہیں۔ اس کی طرف پیشرفت ہورہی ہے۔ ویج بورڈ ایوارڈ اور این آئی ٹی کے لئے وزیراعظم کو تین تین ناموں کا پینل ارسال کردیا ہے اور وہ وطن واپس آتے ہی اعلان کردیں گے۔ ماضی میں یہ ہوتا تھا کہ ہر وقت بری خبریں آتی تھیں اور میں بھی اس ماضی کا حصہ رہا ہوں اور اس کی ذمہ داری لیتا ہوں لیکن اب ایسا ہے کہ اچھی خبریں بھی آنا شروع ہوگئی ہیں۔ آج پاکستان کا روپیہ مستحکم ہورہا ہے اور یہ دن بدن طاقتور ہورہا ہے۔ اگر ہماری معیشت مضبوط ہے تو اس سے ملک مضبوط ہے اور اس سے ملک میں رہنے والے مضبوط ہوں گے۔ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف اس بات پر متفق ہیں کہ میڈیا کی آزادی پر کوئی قدغن نہیں لگائی جائے گی اور ہمیں بھی یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ جو آزادی ہمیں مل چکی ہے، اس کو چھیننے والا کوئی ہاتھ ہے اور نہ ہی کسی کا ارادہ ہے۔

EXIT کی تلاش

خدا کو جان دینی ہے۔ جھوٹ لکھنے سے خوف آتا ہے۔ برملا یہ اعتراف کرنے میں لہٰذا ...