کشمیر کے حوالے سے جنرل راحیل کا بیان خوش آئند ہے: سربراہ دختران ملت
سری نگر (اے این این) دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی نے پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف کے کشمیر کے حوالے سے دیئے گئے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کانگریسی لیڈر پی چدمبرم کا اس بیان پر ردعمل حقیقت سے آنکھ چرانے کے مترادف ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستانی سیاسی قیادت کو بھی چا ہیے کہ وہ فوج کے اس موقف کی پشت پر کھڑی ہو کر کشمیری قوم کی طرف سے دی جارہی بے پناہ قربانیوں کی توثیق کرے ۔آسیہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک بار پھر ڈھٹائی کی انتہا کے طور پر اٹوٹ انگ کا راگ الاپنا شروع کر دیا ہے اور چدمبرم ، جو کہ وزیر داخلہ ہند رہ چکے ہیں ، کشمیر کی حالت سے بخوبی واقف ہو کر بھی نوشتہ دیوار نہیں پڑھ رہے ۔آسیہ نے پاکستان کی سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری کیلئے کشمیر کو بطور قیمت ہر گز ادا نہ کریں۔