ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد ہلاک، 5 زخمی

03 مئی 2014

لاہور +فیروز والہ (نامہ نگار) ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ 5زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ روڈ پر تیز رفتار کار نے اوکاڑہ کے رہائشی اسد ڈوگر کو کچل کر ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق متوفی فجر کی نماز پڑھنے کیلئے مسجد جانے کیلئے سڑک عبور کر رہا تھا کہ تیز رفتار کار نے کچل کر ہلاک کر دیا۔ علاوہ ازیں شالیمار چوک کے قریب تیز رفتار ویگن کی ٹکر سے نامعلوم خاتون ہلاک ہو گئی۔ دریں اثنا شرقپور روڈ پر دو موٹرسائیکلوں کے تصادم میں ایک نوجوان عبدالرشید ہلاک ہو گیا اور تین افراد ارشد علی، اسلم اور عاصم شدید زخمی ہو گئے۔ متوفی عبدالرشید چک 22 کا رہنے والا تھا۔ جولیاں والا کے قریب رکشہ بے قابو ہو کر موٹرسائیکل سواروں سے ٹکرا گیا جس کے باعث دو بھائی عمران اور عرفان زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔