فیصل آباد: جہیز کا سامان اٹھانے پر تلخ کلامی ، بیوی ، سسر اور سالے کو قتل کر دیا

03 مئی 2014

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) جہیز کا سامان اٹھانے آئے سسرالیوں پر نوجوان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر نوجوان کی بیوی، سسر اور سالا جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے نعشیں مارچری یونٹ منتقل کر دی ہیں۔ ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ بلوچنی کے علاقہ 276 ر۔ب کے رہائشی محمد اشرف نے اپنی بیٹی صائمہ کی شادی محمد عمیر سے کر رکھی تھی دونوں میں کچھ عرصے سے علیحدگی تھی گزشتہ روز محمد اشرف اپنے بیٹے اور بیٹی کے ہمراہ محمد عمیر کے گھر سامان اٹھانے آیا تھا معمولی بات پر تلخ کلامی ہو گئی جس پر دلبرداشتہ ہو کر محمد عمیر نے اندھادھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر ملزم کی  بیوی  25 سالہ صائمہ بی بی، 20 سالہ محمد ریحان (لڑکی کا بھائی) اور 50 سالہ محمد اشرف (ملزم کا سسر) موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ہلاک ہونے والوں کی نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے الائیڈ ہسپتال کے مارچری یونٹ میں منتقل کر دی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔