شیخ یعقوب نااہل قرار، راﺅ مظہر حیات کی سزا کا فیصلہ معطل، رہائی کا حکم
لاہور(وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی پی 78 جھنگ سے امیدوار صوبائی اسمبلی شیخ محمد یعقوب کو نااہل قرار دے دیا ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس سید مظاہر علی نقوی، جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس منصور احمد پر مشتمل تین رکنی بنچ نے جمعرات کے روز اپیل کا فیصلہ سناتے ہوئے پی پی 78 شہری نشست جھنگ سے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار و سابق ممبر صوبائی اسمبلی شیخ محمد یعقوب کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ انہیں نادہندہ ہونے پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔دریں اثناءپیپلزپارٹی کے رہنما سید آصف ہاشمی نے الیکشن ٹربیونل کی طرف سے حلقہ این اے 118 سے الیکشن لڑنے کی نااہلی کے فیصلے کورٹ درخواست کے ذریعے لاہورہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ درخواست گزار آصف ہاشمی نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے مطابق نااہل نہیں ہوتے بلکہ دستور کے مذکورہ آرٹیکلز پر پورا اترتے ہیں۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے ڈبل بنچ نے این اے 138 قصور سے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے راﺅ مظہر حیات کی سزا کا فیصلہ معطل کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور طارق افتخار احمد نے بی اے کی جعلی ڈگری کیس میں سابق ایم این اے راﺅ مظہر حیات کو دو سال قید اور 20ہزار روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا تھا جس پر انہیں گرفتار کرکے قصور جیل منتقل کردیا گیا تھا۔
نااہل قرار