ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی فی کلو 10روپے اضافہ، اطلاق آج سے ہو گا

03 مئی 2011
لاہور (سٹاف رپورٹر) موسم گرما میں تیل اور بجلی کے بعد مائع گیس کی قیمتوںمیں دس روپے کلو اضافہ کر دیا گیا جو آج (منگل) سے نافذ العمل ہو گا، بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتیں بڑھنے سے مقامی مارکیٹ میں فی گھریلو سلنڈر 114 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 439 روپے تک اضافہ ہو جائیگا۔ لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا میں105سے بڑھ کر 115 روپے فی کلو اور فی گھریلو سلنڈر 1210 سے 1330روپے ، کراچی میں 100سے بڑھ کر 110 روپے فی کلو اور سلنڈر 1150سے 1270 روپے ، ملتان، سیالکوٹ ، فیصل آباد، راولپنڈی،اسلام آباد 110 سے بڑھ کر 120 روپے فی کلو اور سلنڈر کی قیمت 1270 سے1390 روپے ہو جائیگی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھرنے کہا ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا کی ہدایت اور اجازت کے بغیر قیمتوں میں اضافہ کیا۔ حکومت ایل پی جی بلیک مافیا کو لگام ڈالے اور قیمتوں پر نظرثانی کی جائے۔
ایل پی جی قیمتیں