غیر ملکی کارروائی خودمختاری پر ضرب ہے : ترجمان مسلم لیگ (ن) ....وفاقی حکومت بتائے آپریشن مشترکہ تھا یا امریکیوں نے کیا : شہباز شریف
لاہور (خبر نگار خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے وفاقی حکومت وضاحت کرے اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن مشترکہ ہوا ہے یا امریکیوں نے خود کیا ہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے اسامہ کے جاںبحق ہونے کے بعد اب خطے میں پائےدار امن بحال کرنے کے لئے نئی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ ترجمان نے کہا مسلم لیگ (ن) دہشت گردی کی ہر شکل کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور محسوس کرتی ہے پاکستان میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے بیج آمریتوں نے بوئے جس سے ملک میں تشدد اور خون ریزی کا آغاز ہوا اور پاکستان کا عالمی امیج بری طرح متاثر ہوا۔ ہم یقین رکھتے ہیں پاکستان کی سرزمین پر ہر قسم کی کارروائی کا حق صرف قومی اداروں کو ہی حاصل ہے لہٰذا پاکستان کی حدود میں کسی قسم کی غیر ملکی کارروائی ہماری قومی خودمختاری پر ضرب ہے۔ مسلم لیگ (ن) پاکستان کو دہشت گردی‘ انتہا پسندی سے نجات دلانے اور اسے قائداعظمؒ کے وژن کے مطابق امن پسند‘ ترقی یافتہ اور فلاحی ملک بنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پارلیمنٹ کے کردار کو م¶ثر بنایا جائے تاکہ تمام فیصلے پارلیمنٹ کی منظوری سے پایہ تکمیل کو پہنچیں۔ کاہنہ میں عزیز جہاں بیگم ٹرسٹ کمپلیکس برائے نابینا افراد کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا آرمی چیف سے ملاقات دہشت گردی، مزارات پر حملوں اور بے گناہوں کی اموات، پولیس کے تربیتی عمل اور انٹیلی جنس رپورٹس کے حوالے سے تھی اس میں کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا وہ تقریب میں شرکت کے لئے آ رہے تھے کہ راستے میں دیہاتی سراپا احتجاج تھے سابق وزیر حبیب اللہ وڑائچ نے پٹواریوں سے مل کر ان کی زمینیں ہتھیا لیں۔ شہباز شریف نے کہا این آئی سی ایل جیسے سکینڈلز کے لامتناہی سلسلہ نے پاکستان کو بدنام کر دیا ہے اور یہ چور لٹیرے اپنے مذموم مفادات کے لئے ملکی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا قائداعظمؒ اور اقبالؒ نے پاکستان اس لئے نہیں بنایا تھا کہ یہاں ظلم، ناانصافی اور کرپشن کا دور دورہ ہو۔ اگر پاکستان کے ثمرات عام آدمی تک پہنچتے تو آج ہم اس نہج پر نہ پہنچتے۔ وزیر اعلیٰ نے عزیز جہاں بیگم ٹرسٹ برائے نابینا کے لئے حکومت کی جانب سے 2 کروڑ اور اپنے خاندان کی طرف سے 50 لاکھ روپے عطیہ کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے برطانیہ کے سینئر صحافیوں کے 7 رکنی وفد سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا صحرا¶ں اور ریگستانوں میں بننے والے دانش سکول علم کے ایسے مینار ہیں جو پسماندہ علاقوں کی اندھیری راتوں کو صبح نور میں بدل دیں گے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے کا بھی باعث بنیں گے۔
شہباز شریف
شہباز شریف