اسامہ بن لادن کی غائبانہ نماز جنازہ کراچی میں بھی ادا کی گئی جبکہ پاسبان کی جانب سے القاعدہ کے مرحوم سربراہ کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔
کراچی میں یونیورسٹی روڈ سفاری پارک کے سامنے جماعت الدعوۃ کی جانب سے اسامہ بن لادن کی غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کیا گیا تھا اس موقع پر مختلف مذہبی جماعتوں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ اسامہ بن لادن کا مشن جاری رہے گا کیونکہ اسامہ کسی شخص کا نہیں بلکہ نظریے کا نام ہے۔ حکمران بے حس ہیں اورانہوں نے ملکی مفاد کا سودا کیا تاہم پاکستانی عوام اس نظریے کے لئے ہرقربانی دینے کو تیار ہیں۔ نمازجنازہ کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد اور پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی، دوسری طرف کراچی پریس کلب کے باہر بھی پاسبان کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا جس میں مقررین کا کہنا تھا کہ امریکی صدر پوری دنیا سمیت امریکی قوم کو بھی بے وقوف بنا رہے ہیں۔ مظاہرے میں امریکہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی گئی۔