ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان‘ یونس خان‘ عمر گل‘ کی واپسی ہو گئی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ون ڈے سکواڈ سے ڈراپ ہونے والے یونس خان اور عمر گل کی واپسی ہو گئی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز میں موجود کپتان شاہد آفریدی، احمد شہزاد، صدف حسین اور عثمان صلاح الدین ون ڈے سیریز کے بعد وطن واپس آ جائیں گے۔ وکٹ کیپر کامران اکمل ایک مرتبہ پھر سلیکشن کمیٹی کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اعلان کردہ سکواڈ میں مصباح الحق (کپتان)، یونس خان، عمر گل، محمد حفیظ، توفیق عمر، اسد شفیق، عبدالرحمان، سعید اجمل، تنویر احمد، وہاب ریاض، حماد اعظم ،اظہر علی،جنید خان اور وکٹ کیپر محمد سلمان شامل ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 مئی تک گیانا میں کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 مئی تک سینٹ کیٹس میں ہوگا۔