پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پانچواں اور آخری میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جائے گا
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پانچواں اور آخری میچ آج ابوظہبی شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ آل رائونڈر شاہد آفریدی کی میچ میں شرکت مشکوک ہے۔ آسٹریلوی ٹیم پہلے ہی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرچکی ہے۔ کپتان مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ ایک عرصے بعد ٹیم کا سیریز جیتنا خوش آئند ہے۔ کھلاڑیوں نے سخت کنڈیشنز میں محنت کی جو رنگ لائی۔ دوسری جانب پاکستان ٹیم میں آل رائونڈر شاہد آفریدی کی شمولیت مشکوک ہے‘ وہ چوتھے میچ انجرڈ ہوگئے ہیں‘ انہیں کھلائے جانے کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔ دریں اثناء قومی ٹیم کے کوچ کا کہنا ہے کہ بڑی ٹیموں سے مقابلے نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم کی فٹنس متاثر ہوئی۔ علاوہ ازیں آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان یونس خان کا کہنا ہے سارا دباؤ کپتان پر نہیں ہونا چاہیے‘ سینئر کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔ ان خیالات کے اظہار قومی ٹیم کے کپتان یونس خان نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں کی خراب پرفارمنس پر ڈنڈا پریڈ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم جب مخالف ٹیم کو پریشر میں لے لیتی ہے تو غلطیوں پر مجبور کر دیتی ہے‘ ہمیں یہی چیزیں آسٹریلیا سے سیکھنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ پاکستان کے یہی کھلاڑی ملک کو آگے جا کر کامیابیاں دلوائیں گے۔