اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +وقائع نگار)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ 4مارچ بروز منگل کو کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کے ہیڈ آفس کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ تقریب میں پالیسی ساز، وفاقی سیکرٹریز، بزنس کمیونٹی کے نمائندے اور سی سی پی حکام سمیت اہم سٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے۔کمپیٹیشن کمیشن کا نیا ہیڈکوارٹرز فن تعمیر کا شاہکار ہوگا۔ جدید ٹیکنالوجی سے مزین یہ سمارٹ اور محفوظ بلڈنگ توانائی کی بچت میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اپنی بلڈنگ کی بدولت کمیشن کو ماہانہ کرایہ ادا نہیں کرنا پڑے گا جس سے کمیشن مالی طور پر مزید مستحکم ہوگا۔ کمپیٹیشن کمیشن کے نئے ہیڈ آفس کے سنگ بنیاد کے حوالے سے چیئرمین سی سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ یہ ہیڈ آفس محض اینٹوں اور پتھر سے بنی ایک عمارت نہیں بلکہ یہ ایک مستحکم اور پائیدار کمپیٹیشن کمیشن کے قیام کی جانب ہمارے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔
نائب وزیراعظم کل سی پی سی ہیڈ آفس کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے
Mar 03, 2025