پائیدار امن ترقی کیلے متحد رہنے کی ضرورت جنرل باجوہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پائیدار امن اور ترقی کی طرف سفر جاری رکھنے کے لئے ہمیں عزم اور متحد رہنے کی ضرورت ہے۔ خطے میں امن و استحکام اور سرحدی سلامتی کو مستحکم بنانے کیلئے پاکستان پرعزم ہے اور ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کے ذریعہ اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز شمالی اور جنوبی وزیرستان اضلاع کا دورہ کیا جہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مذکورہ بالا خیالات کا اظہار کیا۔ اس دورہ کے موقع پر چیف آف آرمی سٹاف کو بارڈر مینجمنٹ کے معاملے پیشرفت، استحکام امن کی کارروائیوں، سماجی اقتصادی ترقیاتی منصوبوں سمیت بارڈر ٹرمینلز کھولنے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے عثمان مانزا، جنوبی وزیرستان اور میرالی میں اگلے مورچوں پر فوجیوں کے ساتھ پورا دن گزارا۔ افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے نئے ضم ہونے والے قبائلی اضلاع میں سول انتظامیہ کی رٹ کے نفاذ کے لئے محفوظ اور موزوں ماحول کو یقینی بنانے میں کارفرما ان کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلہ میں سرحدی سلامتی کو مستحکم کرنے کیلئے ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھا کر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ میر علی میں قبائلی عمائدین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائل کی غیر متزلزل حمایت اور قربانیوں کی تعریف کی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے ان سے کہا کہ ان علاقوں میں پہلے ہی بڑے پیمانے پر امن بحال ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل سے حاصل کی گئی معمول کی صورتحال کو برقرار رکھتے ہوئے مقامی آبادی، سول انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اجتماعی کاوشوں کے ذریعے اس صورتحال کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ افراتفری پیدا کرنے اور آپریشن ردالفساد کے ثمرات ضائع کرنے کی مخالفانہ کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے ہمیں چوکنا اور ثابت قدم رہنا ہے۔ قبل ازیں یہاں پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔