چینی سفیر کی ثانیہ نشتر سے ملاقات، تخفیف غربت کیلئے تعاون پر اتفاق
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان میں چینی سفیر رونگ نونگ نے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویڑن محمد علی شہزادہ بھی موجود تھے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہم چین میں غربت کے خاتمے کے اہم کارنامے پر چینی حکومت اور قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ انسانی تاریخ کی ایک عظیم مثال ہے کہ 770ملین افراد کو 40سال کے عرصے کے دوران غربت سے باہر نکالا کیا گیاہے۔ملاقات کے دوران، چینی سفیر اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے عوامی جمہوریہ چین اور پاکستان کی تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویڑن کی جانب سے تیار کردہ مفاہمتی یاداشت کے مسودے پر تبادلہ خیال کیا ، اس مفاہمتی یاداشت کا مقصد غربت کے خاتمے کے حوالے سے مشترکہ تعاون کیلئے ایک پلیٹ فارم قائم کرنا ہے۔ملاقات کے بعد ، پریس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہم مفاہمت نامے کی حتمی تفصیلات پر کام کررہے ہیں۔ سی پیک کی اہمیت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ہونے والی سماجی و معاشی ترقی پاکستان میں غربت کے خاتمے میں مددگارثابت ہوگی۔