قومی اسمبلی کے اجلاس میں ارکان کے درمیان آج ہو نے والا سینٹ الیکشن زیر بحث رہا۔ وزیر توانائی عمر ایوب خان نے قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی سے ملاقات کی۔ پرائیویٹ ممبر ڈے ہونے کی وجہ سے زیادہ تر ارکان کی طرف سے نجی طور پر قانون سازی کے امور کو نمٹایا گیا۔ تاہم اجلاس کے دوران ارکان کے درمیان گفتگو کو موضوع سینٹ انتخابات اور خاص طور پر اسلام آباد کی نشستوں پر سینٹ انتخاب ہی رہا‘ ارکان ایوان میں ایک دوسرے کی نشستوں کے پاس جا کر اسی حوالے سے تفصیلی گفتگو کر تے رہے۔ قبل عمر ایوب خان دیگر ممبران کے ہمراہ مولانا عبدالاکبر چترالی کی نشست پر گئے اور کافی دیر تک ان سے بات چیت کی۔ اجلاس کے دوران بھی حکومت اور اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کے چیدہ چیدہ رہنما کافی متحرک نظر آئے۔ آج قومی اسمبلی ہال سینٹ الیکشن کے لئے بطور پولنگ سٹیشن استعمال کیا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سینٹ الیکشن کے لئے قومی اسمبلی ہال میں کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ جہاں سیکرٹری قومی اسمبلی نے سپیکر قومی اسمبلی کو سینٹ الیکشن کے موقع پر پولنگ انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں ماحول پرسکون رہا ہے اور گزشتہ چند اجلاسوں کی طرح کسی قسم کی ہنگامہ آرائی نہیں ہو ئی۔ ارکان کی طرف سے پرائیوٹ ممبر ڈے ہونے کے باوجود اجلاس کی کارروائی میں بظاہر کوئی دلچسپی نظر نہ آئی۔ اجلاس تقریباً 50 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا اور ایک دن کا وقفہ کر تے ہوئے جمعرات تک ملتوی کر دیا گیا۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024