اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی تین خواتین، ملیکہ بخاری، کنول شوذب اور تاشفین صفدرکی نا اہلی کیلئے دائر کی گئی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔
ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق نے نااہلی کی درخواستوں محفوظ فیصلہ سنایا۔ درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ تک ملیکہ بخاری دوہری شہریت رکھتی تھیں۔
کنول شوذب کے متعلق دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ووٹ تبدیلی سے متعلق غلط بیانی کی تھی۔
تاشفین صفدر کے متعلق دائر درخواست میں بھی کہا گیا تھا کہ انہوں نے بھی اپنی دوہری شہریت سے متعلق معلومات الیکشن کمیشن آف پاکستان سے چھپائی تھیں۔
درخواستگزار نے استدعا کی تھی کہ مذکورہ خواتین کو آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نا اہل کیا جائے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی تینوں خواتین مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پہ اراکین قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے دسمبر2019 میں فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا ہے۔