سعودی عرب میں مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی اقدامات کو بڑھا دیا ہے۔ زمینی طور پر ان اقدامات کا جائزہ پریذیڈنسی کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس لے رہے ہیں۔ اقدامات کا مقصد حرمین شریفین کا رخ کرنے والوں کی سلامتی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق الحرمین الشریفین کے تکنیکی اور خدماتی امور کے سربراہ عام کے سکریٹری محمد بن مصلح الجابری کا کہنا ہے کہ احتیاطی اقدامات میں حرم کی چھت، فرش اور قالینوں کو جراثیم سے پاک رکھنے کے لیے چھڑکاؤ کی مشینوں کی تنصیب، حرم کے دروازوں پر اور حرم میں جائے نمازوں پر ہاتھوں کے سینی ٹائزرز کی تقسیم، حرم میں قالینوں کو جراثیم سے پاک رکھنے کے مزید اقدامات اور قالینوں کی تبدیلی کے درمیان کا وقت مزید کم کرنا اور حرم کے اندر مرکزی دھلائی کے عمل کو 4 سے بڑھا کر 6 مرتبہ کرنا شامل ہے۔ان کے علاوہ اقدامات میں ضرورت کے وقت ہنگامی طور پر دھلائی کرنے والے افراد اور مشینوں کی فراہمی، زمزم پینے کے کولروں اور ٹُونٹیوں کو جراثیم سے پاک رکھنا، پانی کے استعمال شدہ کُولروں اور پلاسٹک کے گلاسوں کی فوری تبدیلی اور دوسری سعودی توسیع میں ہوا کو ٹھنڈا کرنے کا تناسب 100% تک پہنچانا بھی شامل ہے۔ مسجد الحرام کے اندرونی و بیرونی صحن 24 گھنٹے میں 6 مرتبہ دھوئے جا رہے ہیں۔الجابری کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر صحنوں کی دھلائی الگ سے کی جاتی ہے، طہارت خانوں کی صفائی بھی 6 مرتبہ کی جارہی ہے۔ آب زمزم کی ٹونٹیوں پر جراثیم کش اسپرے بھی بار بار کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آب زمزم کے کولر کے اسٹینڈز اور استعمال شدہ گلاس بھی فوراً تبدیل کیے جارہے ہیں، تازہ ہوا کا انتظام بھی صد فیصد کردیا گیا ہے۔مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺ کی جنرل پریذیڈنسی کی خصوصی ٹیموں نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عمرے اور زیارت کے لیے آنے والوں کو حفاظتی ماسک پیش کرنا شروع کر دیے ہیں