وزیراعظم عمران خان کو امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے فون کیا اور انہیں پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹر بیان میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور امیر قطر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس کے دوران امیر قطر نے پاکستان کی طرف سے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیے گئے بھارتی پائلٹ کے اقدام کو سراہا۔
Amir of Qatar and PM Khan spoke on phone. Amir appreciated Pakistan’s gesture of releasing the Indian POW and underscored the importance of immediate de-escalation. He offered his facilitation in this regard @MofaQatar_EN
— Dr Mohammad Faisal (@DrMFaisal) March 3, 2019
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان سرد ماحول میں کمی پر زور دیا جس کے لیے انہوں نے ثالثی کی بھی پیشکش کی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی جانب سے جنگی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
اس سے قبل بھارتی طیارے 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر ایمونیشن گرا کر فرار ہوئے جس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اگلے ہی روز پاک فضائیہ نے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کیا جسے بعدازاں بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔