بلوچستان میں ایل پی جی ائیر مکس پلانٹس کی تنصیب کیلئے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ
کراچی (کا مر س رپو رٹر)وزیر مملکت برائے توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) جام کمال خان نے بلوچستان کے عوام کی سہو لت کے لئے ایل پی جی ایئر مکس پلانٹس کی تنصیب کے کام کو تیز کرنے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے بلوچستان میں ایل پی جی ایئر مکس پروجکٹس کی تنصیب اور کمیشننگ کے معاملا ت پر منعقدہ اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اس اجلاس میں سید توقیر حسین ، جوائنٹ سیکریٹری( وزارت توانائی)، شاہد یوسف ، ڈائریکٹر جنرل(لیکویفائیڈ گیس ۔وزارت توانائی) اور ایس ایس جی سی کے پروجکٹ ڈائریکٹر (لیکویفائیڈ گیسس)عاصم ترمزی نے شرکت کی ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے ان دور دراز کے علاقوں میںجہاں قدرتی گیس منتقل اوترسیل نہیں کی جا سکتی وہاں فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر ایل پی جی ایئر مکس پلانٹس لگا نے کے لئے پر عزم ہے ماضی میں ایس ایس جی سی نے بلوچستان کے علاقوں میں ایل پی جی ایئر مکس پلانٹس نصب کئے تھے وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن )نے ایس ایس جی سی کو بلوچستان میں یہ مقصد حاصل کرنے کے لئے ذمہ واری سونپی مشترکہ کوشش کی بدولت بلوچستان کے مختلف مقامات پر پہلے سے ہی ایل پی جی ایئر مکس پروجکٹس کا آغاز ہوچکا ہے اورآواران میں (1ایم ایم سی ایف ڈی )کا ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ تکمیل کے مراحل میں ہے ۔ حکومت نے گیس کی طلب اور رسد کے درمیان فرق کے اس بڑے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے تیزی سے متعدد ترقیاتی اسکیمزبشمول توانائی کی گنجائش بڑھانے کی اسکیمز کو شروع کیا ۔ اس اسکیم کا بنیادی مقصد صوبہ بلوچستان میں ترقی اورخوشحالی لانا ہے ۔