پی ایس ایل‘ سوشل میڈیا کے ذریعے فکسنگ کی سازش ناکام‘ بکی کی تصویر‘ تفصیلات جاری
لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے ٹھوس اور موثر اقدامات کی وجہ سے انٹرنیشنل سٹے بازوں کے نیٹ ورک کی پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کو بدنام کرنے کی ایک اور سازش ناکام ہوگئی اور غیر ملکی گروہ سے تعلق رکھنے والے سٹے باز اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکے۔دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے دوران بھی سٹے بازوں نے اسپاٹ فکسنگ کی ایک اور کوشش کی اور اس بار کھلاڑیوں سے رابطے کا ذریعہ سوشل میڈیا ویب سائٹس تھیں، جسے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے ناکام بنا دیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے تفتیش کاروں نے انٹیلی جنس نیٹ ورک کے ذریعے جو شواہد حاصل کیے ہیں، اس کے مطابق ان سٹے بازوں کا تعلق بھارت اور بنگلہ دیش سے ہے، جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کے دوران کم از کم تین ٹیموں کے کھلاڑیوں سے واٹس ایپ اور فیس ٹائم کے ذریعے رابطہ کیا تھا، لیکن تینوں کرکٹرز نے فوری طور پر اس واقعے کو رپورٹ کردیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے حد درجہ مصدقہ اور قابل اعتماد ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد ہیں کہ دونوں سٹے باز دبئی میں دکھائی دیئے ہیں تاہم ابھی تک ٹیم ہوٹلوں سے دور ہیں۔انسداد کرپشن یونٹ نے تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو نئی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ دونوں سٹے بازوں کی دبئی آمد کی اطلاع ہے۔ بریفنگ میں ایک سٹے باز کی تصویر بھی دکھائی گئی اور کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان میں سے کوئی بھی شخص ٹیم ہوٹل کے ارد گرد دکھائی دے تو اس کی فوری رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کردی جائے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے طور پر جو تحقیقات کی ہیں، اس کے مطابق دونوں سٹے بازوں کا تعلق انٹرنیشنل مافیا سے ہے اور دونوں آئی سی سی اور ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کی فہرست میں بلیک لسٹ ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی دو دن قبل دبئی سے لاہور چلے گئے ہیں، تاہم انہیں اس تازہ پیش رفت سے آگاہ کردیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ خوش ہے کہ اس بار کھلاڑیوں نے ذمے داری دکھائی ہے تاہم کھلاڑیوں کے گرد گھومتے اس گروہ کے اراکین، پی سی بی کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔