پہلا ٹیسٹ،سٹارک کی تباہ کن بائولنگ، جنوبی افریقن ٹیم پہلی اننگز میں 162 پر ڈھیر
ڈربن (اے پی پی) مچل سٹارک کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت جنوبی افریقن ٹیم پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی پہلی اننگز 351 رنز کے جواب میں دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 162 رنز پر ڈھیر ہو گئی، سٹارک کی برق رفتار بائولنگ اور نیتھن لیون کی گھومتی ہوئی گیندوں کے سامنے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، ڈی ویلیئرز کے سوا کوئی بھی کھلاڑی جم کر حریف بائولرز کا مقابلہ نہ کر سکا، ویلیئرز 71 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، سٹارک نے 5 نیتھن لیون نے 3 اور جوش ہیزلووڈ اور پیٹ کمنز نے ایک، ایک وکٹ لی، دریں اثناء آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 351 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، مچل مارش نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 96 رنز بنا کر نمایاں رہے، کیشو مہاراج نے 5، ورنن فلینڈر نے 3 اور کاگیسو ربادا نے 2 وکٹیں لیں۔ مارش جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 96 کے انفرادی سکور پر فلینڈر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، 351 کے سکور پر کینگروز کی آخری وکٹ گری جب لیون 12 رنز بنا کر مہاراج کی گیند پر کیچ ہوئے۔