چیف سلیکٹرانضمام الحق کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے سے پریشان
شارجہ (سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کو متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کے فوراً بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف تین بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلنی ہے لیکن ٹیم کے چند کھلاڑی مکمل طور پر فٹ نہیں جس نے سلیکشن کمیٹی اور ٹیم منیجمنٹ کو پریشان کر رکھا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق چند روز کے لیے شارجہ آئے ہوئے ہیں۔ وہ یہاں ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے ٹیم سلیکشن اور پرائیوٹ لیگز میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کے سلسلے میں پالیسی بنائے جانے کے سلسلے میں مشاورت کر رہے ہیں لیکن انضمام الحق تسلیم کرتے ہیں کہ ٹیم کے چند اہم کرکٹرز کے فٹنس مسائل پریشان کن ہیں۔انضمام الحق نے بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ جس طرح حسن علی، شاداب خان، رومان رئیس اور حارث سہیل کی انجریز سامنے آئی ہیں وہ پریشانی کا سبب ہیں کیونکہ یہ تمام کرکٹرز پاکستانی ٹیم کے لیے بہت اہم ہیں۔انضمام الحق کا کہنا ہے کہ فٹنس کے انہی مسائل کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز کی پرائیوٹ لیگز میں شرکت کو کنٹرول کرنے کے بارے میں پالیسی مرتب کی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر فارمیٹ کے لیے علیحدہ علیحدہ کھلاڑی رکھے جائیں تاکہ فٹنس کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔ جب کسی کھلاڑی کو کسی ایک فارمیٹ میں محدود کیا جاتا ہے تو میڈیا ہی سب سے زیادہ شور مچاتا ہے۔