پاک فوج کا آپریشن ردالفساد دہشتگردی کیخلاف جہاد ہے‘ تنظیم شیعہ آئمہ مساجد
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) تنظیم شیعہ آئمہ مساجد پاکستان کی جانب سے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق ’’شہادت حضرت ام البنینؑ ایام مادر عباس علمدار کے اختتامی روز جمعہ کو جامع مساجد میں آئمہ مساجد اور علمائے کرام نے سیرت و کردار مادر عباس علمدار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ الکاظم میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی القمی نے کہا کہ دشمنان دین وشریعت کی چیرہ دستیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے خانوادہ عصمت و طہارت کے نقش قدم کو مشعل راہ بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے‘ حضرت ام البنینؑ کی سیرت اور پاکیزہ کردار پر عمل پیرا ہوکر طبقہ نسواں عزت وعظمت کی بلندیوں پر فائز ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا آپریشن ردالفساد دہشتگردی کے خلاف بڑا جہاد ہے‘ پوری قوم جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سپوتوں کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے حکمران‘ سیاستدان ہر قسم کی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر اگر پورے ملک میں دہشتگردی کے خلاف سرچ آپریشن کرنے دینگے تو بے بہا رحمت خداوندی کے صدقے دہشت گردی کے خلاف آپریشن یقینی طور پر کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔