کراچی شپ یارڈ اور بحریہ کا باہمی تعاون خوش آئند ہے‘ سیکرٹری دفاعی پیداوار
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ جہاز سازی میں خود کفالت کیلئے کراچی شپ یارڈ اور بحریہ کے درمیان تعاون نہائت قابل قدر ہے۔ بحریہ کے پریس ریلیز کے مطابق پاک بحریہ کیلئے تعمیر کیئے جانے والے 32 ٹن بولارڈ پل ٹگ کی لانچنگ کی تقریب گزشتہ روز کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اعجاز چوہدری مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں حکومت پاکستان، پاک بحریہ، نجی اداروں اور شپ یارڈ کے اعلی حکام شریک تھے۔ کراچی شپ یارڈ اپنے صارفین کیلئے اب تک 10 سے 40 ٹن تک کے 23 ٹگز تعمیر کر چکا ہے۔ فی الوقت 32 ٹن کے دو ٹگ زیر تعمیر ہیں۔ اس ٹگ کی مجموعی لمبائی 34 میٹر اور ڈسپلیسمنٹ 481 ٹن ہے۔ اس کی انتہائی رفتار 12 ناٹ ہے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں جہاز سازی میں خود اعتمادی اور خود انحصاری کے حصول کیلئے کراچی شپ یارڈ اور پاک بحریہ کی قیمتی شراکت کو سراہا ۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے گوادر میں ایک نئے شپ یارڈ کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے جس پر جلد ہی کام شروع ہو گا۔ اس سے قبل مینجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ، رئرایڈمرل سید حسن ناصر شاہ ہلال امتیاز ملٹری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ اس منصوبے کی تمام تر تعمیرات خود انحصاری کے تحت ہے اور کوئی غیر ملکی تکنیکی مہارت حاصل نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت کراچی شپ یارڈ میں تقریباً 8 جہاز سازی کے منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شپ یارڈ کے جنرل انجینئرنگ کے شعبہ نے حال ہی میں پاکستان ریلوے کیلئے 9 عدد اوور ہیڈ کرینیں تعمیر کی ہیں، اس سیزن کے 50 عدد شوگر مل رولرزکی تعمیر اس کے علاوہ ہیں۔