نثار اسمبلی میں توجہ کا مرکز بنے رہے استاد ہیں۔ احترام کرتا ہوں، صفدر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس آمد پر ارکان قومی اسمبلی کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ ارکان قومی اسمبلی اور وفاقی وزراء نے ان سے ایوان میں ملاقاتیں کیں، ملاقاتیں کرنے والوں میں رانا تنویر حسین، زاہد حامد، طارق فضل چوہدری، جاوید علی شاہ، کیپٹن(ر) صفدر سمیت دیگر ارکان شامل تھے۔ کیپٹن (ر) صدر نے کہا ہے کہ ’’چوہدری نثار علی خان میرے سیاسی استاد ہیں اور میں ان کا بہت احترام کرتا ہوں‘‘۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد میں حلقہ بندیوں اور تیسرے حلقے کے قیام کے حوالے سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو بریفنگ دی۔ بعدازاں چوہدری نثار علی خان نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے جب پارلیمنٹ ہائوس کی جامعہ مسجد پہنچے تو مسجد کے خطیب احمد الرحمنٰ نے ان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ چوہدری نثار علی خان قابل احترام سیاسی رہنما ہیں اور وہ ہمیشہ نماز جمعہ پارلیمنٹ میں موجودگی کے دوران ہی ادا کرتے رہے ہیں مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد چوہدری نثار علی خان مسجد میں وی آئی پیز کے لئے بنائے گئے دروازے رانا تنویر کے ہمراہ باہر چلے گئے اور اخبار نویس دیکھتے ہی رہ گئے انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے پارلیمانی پارٹی کے ارکان اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں شرکت نہیں کی چوہدری نثار علی خان آج ( ہفتہ)کو سینیٹ کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے پارلیمنٹ ہائوس آئیں گے۔